پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو شرم آنی چاہیئے اور تھر کی طرف دیکھنا چاہیئے، پیپلزپارٹی نے سندھ کا بیڑہ غرق کر دیا، جتنے یہ چور ڈاکو ہیں کوئی بھی نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جلوزئی اکنامک زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بتائیں آپ نے سندھ کی 15 سالہ حکومت میں کیا کیا ؟ سندھ حکومت کوئی ایک منصوبہ بتائے جس میں کرپشن نہ ہو، ان کی گندم چوہے کھا جاتے ہیں اور بوریوں سے مٹی برآمد ہوتی ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا جلوزئی اکنامک زون کے منصوبے سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، اب صنعتی ترقی نہیں رکے گی، آگے بڑھیں گے، جب حکومت سنبھالی تو مختلف چیلنجز کا سامنا تھا، ہائیڈل پروجیکٹ سے حاصل بجلی صوبے کے صنعتکاروں کو دیں گے، صوبے میں سرمایہ کاری کی راہیں کھول دی ہیں، کورونا سے لڑنا اور ترقی کا سفر جاری رکھنا ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جلوزئی اکنامک زون کا افتتاح کیا۔