کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں حکومت کی جانب سےتاجروں کے مطالبے پر لاک ڈائون میں صبح 9 سے رات 10 تک نرمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کی اکثریت گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے سہ پہر کے اوقات میں عید کی شاپنگ میں مصروف ہے، تاجر اور گاہک کورونا سے بچاؤ کی ایس او پیز پرعمل درآمد نہیں کر رہے۔
ذوالحج کا چاند نظر آنے کے بعد کوئٹہ میں لوگوں نے عید شاپنگ کرنے کے لئے بازاروں کا رخ کر لیا ہے۔ گرمی کی شدت سے بچنے کے زیادہ ترشہری خریداری کے لئے سکینڈ ٹائم گھروں سے نکلنے لگے ہیں تاکہ دھوپ اور گرمی سے بچ کر تسلی سے شاپنگ کر سکیں۔
شہر کی اہم تجارتی مارکیٹوں میں خریداری کرنے والوں کا رش عروج پر ہے۔ بازاروں میں سب اپنی اپنی خریداری میں مگن ہیں، اکثر کو کورونا سے بچنے کے لئے طے شدہ تدابیر کی پرواہ نہیں۔ بیشتر خریداروں کا احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے کہنا ہے کہ عمل درآمد تاجروں کی طرف سے نہیں ہو رہا ہے اورحکومت سو رہی ہے۔
تاجربرادری کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حد تک ایس اوپیز پر عمل درآمد کی کوشش کر رہے ہیں مگر سو فیصد عمل کرنا نہ ہی ان کے اورنہ ہی گاہکوں کے بس کی بات ہے۔