پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں نانبائیوں نے آٹا مہنگا ہونے کے بعد الگ الگ معیار اور وزن کی روٹی فروخت کرنا شروع کر دی، شہریوں نے خود ساختہ قیمتیں مقررکرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
پشاورمیں پر الگ الگ وزن اور نرخوں کے بعد روٹی کے وزن میں بھی کمی کی شکایات سامنے آنے لگیں، شہر کے مختلف علاقوں میں واقع تندوروں پر 3 مختلف نرخوں 10، 15 اور 20 روپے کی روٹی فروخت ہو رہی ہے جس پر شہریوں کی پریشانی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، کہتے ہیں الگ الگ قیمتوں پر روٹی کی فروخت سے مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔
نانبائیوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی 85 کلو کی بوری 6 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ،کم قیمت پر روٹی فروخت کرنے سے نقصان کا سامنا ہے، حکومت آٹے میں ریلیف فراہم کرے۔
انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم قیمتوں کو اعتدال پر نہیں لایا جاسکا ہے۔ روٹی کی قیمت کے تعین اور وزن کے حوالے سے انتظامیہ اور نانبائیوں کے درمیان مذاکرات کے ادوار بھی جاری ہیں تاہم تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔