لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز کے دوران زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، 100 انڈیکس 569.77 پوائنٹس بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران زبردست تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے، گزشتہ روز 480 پوائنٹس کی تیزی کے بعد دوسرا کاروباری روز بھی ٹریڈنگ کے دوران مثبت انداز دیکھنے کو ملا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں ایک موقع پر 40894.53 پوائنٹس کی سطح بھی دیکھی گئی، جبکہ پورے کاورباری روز کے دوران مندی کے آثار نظر نہ آئے۔
سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 569.77 پوائنٹس اضافے کے بعد 40862.59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، کاروبار میں تیزی کے باعث 6 حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 40300، 40400، 40500، 40600، 40700 اور 40800 کی حدیں شامل ہیں۔
پورے کاروباری روز کے دوران انڈیکس میں 1.41 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 27 کروڑ 34 لاکھ 84 ہزار 257 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک کھرب روپے کا فائدہ ہوا۔