اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں فروری 2019ء کو ہونے والے پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان نے بھارت کی چارج شیٹ مسترد کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے جاری چارج شیٹ مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان پہلےہی بھارتی بے بنیاد الزامات کو مسترد کر چکا ہے، بھارتی نیشنل کرائم ایجنسی نے پلوامہ حملے میں پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانا کی جھوٹی کوشش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی کی من گھرٹ رپورٹ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پاکستان مخالف بیانیہ کے بڑھانے کے لیے تیار کی گئی۔ پاکستان ٹھوس ثبوتوں کی فراہمی پر تعاون کرنے کی پیشکش بھی کرچکا ہے۔
زاہد حفیظ چودھری کے مطابق بھارتی لوک سبھا کے انتخابات سے دو ماہ قبل پلوامہ حملہ کی ٹائمنگ ،مرکزی ملزم کا مارا جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ بھارتی انتخابات میں پلوامہ حملہ کا فائدہ کس نے اٹھایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بھارت کے ممکنہ جھوٹے آپریشن کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کرتا رہا ہے، پاکستان ایئرفورس بھارتی کے 26 فروری کی ناکام مہم جوئی کا منہ توڑ جوا ب دے چکی ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے باجود امن کی خاطر پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے اہلکار ابھینیندن کو چھوڑا تھا۔