کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں منافع خوروں نے آٹے چینی اور دال چاول کے نرخ بڑھانے کے بعد گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا۔
کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شہریوں کی چیخیں نکل گئیں، مہنگائی کے جن کو قابو کرنے والا مسیحا کوئی دکھائی نہیں دیتا۔ آٹے، چینی اور دوسری اشیائے ضروریہ کے بعد اچانک گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، بازار میں درجنوں مختلف برانڈ کے گھی کے نرخ میں راتوں رات فی کلو 15 سے 30 اور خوردنی تیل کی قمیت میں فی لٹر 20 سے 40 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
مقامی کمپنیوں کی جانب سے نرخ بڑھائے جانے کے بعد بیرون ملک سے آنے والے تیل کی قیمت میں بھی منافع خوروں نے من پسند اضافہ کر دیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ منہگائی کا رونا کس کے آگے جا کر روئیں۔
کوئٹہ اور صوبے کے دیگر شہروں میں زیادہ تر گھی اور خوردنی تیل ملک کے دیگر شہروں سے آتا ہے، ہول سیلر کا کہنا ہے کہ ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں، نرخ فیکٹری سے بڑھتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آنے والے دنوں میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔