اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت منصوبہ بندی نے جولائی تا 23 اکتوبر تک ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جن کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژن اور محکموں نے 289 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے۔
دستاویز کے مطابق وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے188 ارب 34 کروڑ روپے جاری ہوئے، این ایچ اے نے ترقیاتی کاموں کے لیے 53 ارب روپے خرچ کیے جبکہ این ٹی ڈی سی اور پیپکو کو 23 ارب 3 کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈ ملا۔
وزارت آبی وسائل کو 43 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ ملا۔ ریلوے ڈویژن کیلئے 11 ارب 75 کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیا گیا ، وزارت خزانہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 32 ارب روپے جاری ہوئے۔
قومی تحفظ خوراک کے لئے 6 ارب روپے جاری کیے گئے۔ ہائر ایجوکیشن کے لیے 14 ارب روپے جاری ہوئے، قومی صحت ریگولیشن کے لیے 6ارب 88 کروڑ روپے جاری ہوئے، کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لیے 28 ارب روپے کا اجرا کیا گیا، آزاد جموں و کشمیرکے لیے 13 ارب روپے جاری ہوئے، گلگت بلتستان کے ترقیاتی کاموں کے لیے 11 ارب روپے جاری ہوئے، ایرا کے لیے 75 کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا۔