کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں مسلم لیگ ق کی پہلی وکٹ گر گئی۔ شیخ جعفر مندو خیل نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
کوئٹہ میں مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر اور رکن اسمبلی شیخ جعفر مندوخیل نے اپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ جعفر مندوخیل کا کہنا تھا کہ آج میں واپس اپنے گھر آرہا ہوں، پی ڈی ایم کی شکل میں تمام پارٹیاں اکھٹی ہوئی ہیں، ووٹ کی عزت ہوگی تو ہم زندہ ہیں، آج عمران خان کو لانے والے بھی پریشان ہے۔
جعفر مندوخیل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ میاں صاحب کے ساتھ مل کر جدوجہد کی ہے، چودھری شجاعت سے بات کی کہ آپ بیمار ہوگئے، ہمیں ایکٹو قیادت چاہئے، چودھری شجاعت سے اجازت لے کر ن لیگ میں شامل ہوگیا، بہت پہلے ن لیگ میں شامل ہونا تھا مگر کچھ مجبوری کی وجہ سے نہیں جا سکا، آئندہ بہت سے لوگ ن لیگ میں شامل ہونگے، عمران خان کو ہٹانا ہمارا ٹارگٹ نہیں بلکہ نظام کو بدلنا ہدف ہونا چاہئے۔