لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی جس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال زیر بحث رہی۔
چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر لاہور میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی مسلم لیگ ق کی قیادت سے ہونے والے ملاقات میں پارلیمانی امور بھی زیر بحث رہے، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی اور مونس الہی نے سینیٹ میں قانون سازی کا مراحل احسن انداز سے طے کرنے پر چیئرمین سینٹ کی تعریف کی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے امور کو بہتر طریقے سے چلانے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا جمہوریت کی اعلیٰ مثال ہے۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کو چاروں صوبائی اسمبلیوں میں سب سے زیادہ قانون سازی مکمل کرنے اور بطور اتحادی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کو بطور اتحادی اپنا کردار ادا کرنے پر سراہا، ملاقات میں صوبائی وزیر باؤ محمد رضوان، شافع حسین، سینیٹر مرزا محمد خان آفریدی اور عبدالقادر بھی موجود تھے۔