لاہور: (دنیا نیوز) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی جائیں، مسائل کا تعین کریں، اکثر لوگ شہر کی صفائی کے مسئلہ پر ہاتھ کی صفائی کو ترجیح دیتے ہیں، ہمیشہ اقتدار اور اختیارات کا رونا رویا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر صفائی نہیں کر سکتے تو گندگی بھی نہ پھیلائیں، کئی ادوار گزرے، کئی لوگ اقتدار میں آئے اور چلے گئے لیکن کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کی نظر ہو جاتا ہے، گونر راج بھی رہا، میئر اور ایڈمنسٹریڑ بھی تعینات رہے مگر افسوس ایک دوسرے پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا گیا، سب ایک دوسرے پر الزامات لگا کر بری الذمہ ہوتے رہے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کراچی کے اہم مسائل میں گندے اور صاف پانی کا مسئلہ نمایاں ہے، یہاں پر اختیارات کا مطلب صرف پیسے ہیں، کبھی صفائی کا مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے، کبھی بارشی پانی کا اور کبھی پینے والے پانی کا لیکن کبھی درست نہیں کیا گیا، میئر سے پوچھا جائے تو وہ کہتے ہیں میرے پاس اختیارات نہیں، جس کو صفائی کا موقع دیا جاتا ہے تو سب اپنی صفائی پیش کرنے لگ جاتے ہیں۔