لاہور: (دنیا نیوز) چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں الیکشن منصفانہ اور شفاف ہونے چاہیں۔ ان انتخابات میں سب کو آزادانہ طور پر حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔
تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے لاہور میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، سینیٹر کامل علی آغا، شافع حسین اور جی ایم سکندر بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاکستان کی معیشت اور دفاع کیلئے بڑی اہمیت کا حامل اور سی پیک کا گیٹ وے ہے۔ ہماری جماعت نے ہمیشہ اس علاقہ کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔
چودھری برادران کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، دفاع اور اقتصادی ترقی کیلئے اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ قائداعظم نے ہمیشہ اس خطہ اور اس کے عوام کو خصوصی اہمیت دی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ سب سے پہلے چودھری شجاعت حسین نے پیش کیا تھا۔ آج ان کی کاوشوں کے نتیجہ میں ہی ہمیں یہ حیثیت حاصل ہوئی ہے جس پر ہم مسلم لیگی قیادت بالخصوص چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چودھری شجاعت نے اس خطہ کی ترقی، خوشحالی اور حقوق کی حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔