لاہور: (دنیا نیوز) چودھری ظہورالٰہی کی 39 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت چوہدری ظہور الہیٰ عوام کو مسائل سے نجات دلانے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما رہے۔
شہید جمہوریت چودھری ظہورالٰہی کی39 برسی کے موقع پرچوہدری شجاعت حسین، چوہدری پر ویز الہی اور چوہدری مونس الہی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ چوہدری ظہور الہی نے استحصالی طبقوں سے پنجہ آزمائی کیلئے بھر پورمنصوبہ بندی کی۔
چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ چوہدری ظہورالٰہی شہید نے حق گوئی اور عوام دوستی سے علاقے کے بااثر حلقوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ وہ اصولوں پر کسی بھی طرح کی مفاہمت کے قائل نہ تھے۔
چوہدری مونس الہی نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی بنیادی طور پر رحم دل، مخیر اور دکھی انسانیت کیلئے دردمند دل رکھنے والے سیاستدان تھے۔ چوہدری ظہور الہی عوامی اور ملکی خدمات کے باعث عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔