اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین ہوجائیں تیار، گیس کی عدم دستیابی کے باعث اب صارفین کو فرنس آئل سے پیدا ہونے والی مہنگی بجلی فراہم کی جائے گی۔
دوران سماعت نیپرا حکام نے بتایا کہ ستمبرمیں ڈیزل اور فرنس آئل سے پیداوار کے باعث 10 ارب روپے کا بوجھ پڑا۔ سی پی پی اے کے مطابق بجلی 1 روپے 36 فی یونٹ مہنگی کی جائے، دوران سماعت نیشنل پاور کنسٹریکشن کارپوریشن نے بتایا کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث دسمبر اور جنوری میں فرنس آئل استعمال ہونے سے بجلی کی لاگت میں مزید اضافہ ہوگا۔
چئیرمین نیپرا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کی خرابیوں کا خمیازہ عوام کیوں بھگتیں ؟ بتایا جائے، بہترین صلاحیت کا حامل ساہیوال پاور پلانٹ کیوں بند رکھا گیا، پاور پلانٹ بند نہ ہوتا تو صارفین کو اڑھائی ارب روپے کا ریلیف مل سکتا تھا۔ چئیرمین نیپرا نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ ڈیٹا کی تصدیق کے بعد آئندہ سات روز بعد کریں گے۔