اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کے حوالے سے سماعت مکمل کر لی، چیئرمین نیپرا کاکہناہے کہ اتھارٹی تمام ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد اپنا فیصلہ سنائے گی فیول پرائس کی مد میں 48 سے 98 پیسے فی یونٹ کے درمیان اضافہ ہوسکتاہے۔
سی پی پی اے کی درخواست پر اگست کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سماعت ہوئی، اگست میں فرنس آئل اور ڈیزل سے مہنگی بجلی کی پیداوار پر نیپرا نے برہمی کا اظہار کیا، فرنس آئل اور ڈیزل کی وجہ سے 11 ارب سے زائد کی بجلی پیدا ہوئی۔
سی پی پی اے حکام نے بتایاکہ گیس کی قلت کی وجہ سے مہنگے پلانٹس چلائے اگست میں 800 کی بجائے 750 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: گیس کے میٹر کا ماہانہ کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا
چئرمین نیپرا کاکہناتھاکہ سی پی پی اے کے جواب کا جائزہ لیاجائے گا اور سی پی پی اے کے اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد اتھارٹی حتمی فیصلہ سنائے گی سی پی پی اے نے اپنی درخواست میں 98 پیسےفی یونٹ اضافہ مانگاتھا۔
سی پی پی اے کے مطابق اگست میں پانی سے بجلی کی پیداوار 37.39 فیصدمقامی گیس سے 9.59 اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار 17.30 فیصد رہی سی پی پی اے کے مطابق درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 20.90 فیصد رہی۔