پشاور ميں مرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے، چند روز میں 36 روپے کلو اضافہ

Published On 15 November,2020 09:14 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاورميں چکن کی قيمت آسمان کو چھورہی ہے، 195 روپے کلو سے قیمت چند ہی دنوں میں 36 روپے اضافے سے 231 روپے کلو تک پہنچ گئی۔

پشاور میں مرغی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا جا سکا، ایک ہفتے کے دوران قیمتوں میں 36 روپے کا اضافہ ہو گیا، فی کلو مرغی 195 روپے سے بڑھ کر 231 روپے کی ہو گئی۔

چکن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہری بھی پریشان ہیں، کہتے ہیں ایک طرف دیگر اشیائے خورونوش کے نرخ بڑھ رہے ہیں تو وہیں مرغی کی خریداری بھی قوت سے باہر ہورہی ہے۔ دوسری جانب فیڈ کی قیمتوں میں بھی گزشتہ ایک ماہ کے دوران 450 روپے کا اضافہ ہوا ہے، 50 کلو گرام فیڈ کی بوری تین ہزار سے بڑھ کر ساڑھے تین ہزار روپے کی ہوگئی ہے، ڈیلروں کا کہنا ہے کہ چوزے، فیڈ اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث فارمینگ میں کمی آگئی ہے۔

دوسری جانب مرغی کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ہمسایہ ملک افغانستان کو برآمد ہونا بھی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں چکن کی کمی آئی ہے۔