بی آر ٹی منصوبے میں خامیوں اور مسائل کو روکا نہ جاسکا

Published On 13 November,2020 10:38 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کے بی آر ٹی منصوبے میں خامیوں اور مسائل کو روکا نہ جاسکا۔ چمکنی میں مین سٹیشن تک جانے کے لیے شہری ایک کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہوگئے۔

خیبر پختونخوا حکومت کا پشاور میں بی آر ٹی کا میگا منصوبہ تو شروع ہوگیا لیکن مسائل اور خامیوں کو دور نہ کیا جاسکا۔ چمکنی میں مین سٹیشن تک پہنچنا شہریوں کے لیے درد سر بن گیا۔

بی آر ٹی کے مین سٹیشن تک پہنچنے کے لیے مسافروں کو ایک کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے منصوبہ تو شروع کر دیا لیکن انتظام ٹھیک نہیں۔

بی آر ٹی حکام کے مطابق مسافروں کی پیدل مسافت کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مین سٹیشن تک پہنچنے کے لیے اوور ہیڈ بریج بنایا جائیگا۔

بی آر ٹی کے مختلف سٹیشنوں پر بھی فیڈرز روٹ سروس شروع نہ ہونے اور اوور ہیڈ بریج نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو سٹیشن تک پہنچنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

Advertisement