راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی، دالیں، چینی اور گھی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، شہریوں نے حکومت سے دعوؤں کی بجائے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
مہنگائی کا جن بے قابو، چینی کے بعد گھی اور دالیں بھی غریب کی پہنچ سے دور، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دیں۔ سبزی کے بعد دالیں بھی غریب عوام کی پہنچ میں نہ رہیں، گزشتہ 3 ماہ کے دوران دالوں کی قیمت میں 40 سے 100 فیصد اضافہ ہوا، دال چنا 160 روپے فی کلو، دال لوبیا اور دال مسور280 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں دو وقت تو کیا بچوں کو ایک وقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہو گیا ہے، سستی چینی کا حکومتی وعدہ وفا ہونا تو دور، گھی کی قیمت 170 سے 250 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کو لگام ڈالنے کی حکومتی کوششیں فی الحال بے سود نظر آرہی ہیں، حکومت دعوؤں کی بجائے گرانفروشی کے خلاف عملی اقدامات اٹھا کر ریلیف فراہم کرے۔