عدالت نے وارڈن سمیت دوہرے قتل میں نامزد ملزم کو 3 مرتبہ سزائے موت سنا دی

Published On 12 November,2020 07:16 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے مشہورٹریفک وارڈن سمیت دوہرے قتل میں نامزد مرکزی ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنا دیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ پرویز اختر نے 2018 میں رمضان المبارک میں افطاری کے وقت فائرنگ کرکے ٹریفک وارڈن سمیت دو افراد کے قتل کے مقدمہ میں وکلاء کے حتمی دلائل کے بعد جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزم کو 3مرتبہ سزائے موت اور شریک ملزم کو3مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے دونوں ملزمان کو5لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے راجہ رائیداد اور اس کے ساتھی عمران اقبال کے خلاف تھانہ وارث خان پولیس نے 12جون2018کو مقدمہ نمبر478درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ ملزمان نے کمیٹی چوک میں عین افطاری کے وقت راجہ رائیداد نے اپنی گاڑی نمبراے جی ڈبلیو783نو پارکنگ پر گاڑی کھڑی کی جس سے منع کرنے پر اس نے فائرنگ کردی تھی جس سے ٹریفک وارڈن شاہد سروراورراجہ بازار میں درزی کا کام کرنے والا گوجرانوالہ کا رہائشی نثار نامی راہ گیرشدید زخمی ہو گئے تھے۔

موقع پر موجود افراد نے ملزم کو گاڑی سمیت قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا تھا جبکہ زخمیوں کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں جاں بحق ہو گئے تھے