لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں مہنگائی کے جن پر قابو پانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں عملا بے اثر ہو کر رہ گئیں، تھوک کی مارکیٹوں میں چیکنگ کا عمل موثر نہ بنایا جاسکا توگراں فروشی کے خلاف کارروائیاں پرچون فروشوں تک ہی محدود دکھائی دیتی ہیں۔
انتظامی طور پر لاہور اِس وقت نو زونز میں تقسیم ہے جن میں 55 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کام کر رہے ہیں۔ عمومی طور پر گراں فروشی کے خلاف اِن کی کارروائیاں جاری بھی رہتی ہیں لیکن عملا اِن کارروائیوں کے اثرات نہ ہونے کے برابر سامنے آرہے ہیں۔
صورت حال کے باعث سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ لاہور میں عمومی طور پر سبز مصالحہ جات بھی سرکاری
نرخ ناموں کے برعکس 20 سے 50 روپے فی کلوکے اضافی نرخوں کے ساتھ فروخت ہو رہے ہیں۔ اِس صورت حال نے صارفین کے ہوش اُڑا رکھے ہیں۔
دوسری طرح حکام کی طرف سے قرار دیا گیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہتی ہیں جبکہ اِن کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کرائی جارہی ہیں۔