لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ مخالفین جلسوں کی سنچری بھی مکمل کر لیں تو حکومت جانیوالی نہیں، اپوزیشن کی کورونا پر غیر سنجیدگی ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہوگی۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور صوبائی وزیر اختر ملک اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں ملکی صورتحال اور محکمانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے اپنے اور دوسروں کی جان کے دشمن ہیں، امریکہ جیسے حالات سے بچنے کیلئے کورونا ایس او پیز پر عمل لازم ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلی سے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے، عوام حکومت، جمہوریت اور پارلیمنٹ کیساتھ متحد کھڑے ہیں، مڈم ٹرم انتخابات کی خواہش رکھنے والے 2023 تک صبر کریں، عوام ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو ناکام بنائیں گے، حکومتی ایجنڈا عام آدمی کو مضبوط بنانا اور ان کو ہر شعبے میں ریلیف دینا ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تمام سرکاری یونیورسٹیز کو سولر پر منتقل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے، تعلیمی اداروں کو سولر پر منتقل کرنے سے سالانہ اربوں روپے کی بچت ہوگی۔