لاہور: (دنیا نیوز) بزدار حکومت لاہور کو خوبصورت بنانے کے مشن پر گامزن، وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹھوکر نیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تختی کا نقاب کشائی کر کے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا باب لاہور کی تعمیر سے دوسرے شہروں سے لاہور آنے والوں پر شہر کا خوشگوار تاثر قائم ہوگا، لاہور باغوں اور پھولوں کا شہر ہے، باب لاہور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا، منصوبے کے تحت ٹھوکر نیاز بیگ جنکشن کی ری ماڈلنگ بھی کی گئی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا نہر کے ساتھ گرین ایریاز قائم کئے گئے ہیں، سٹریٹ لائٹس، حفاظتی جنگلے اور آرائشی روشنیاں لگائی گئی ہیں، باب لاہور 130 فٹ چوڑا اور 60 فٹ بلند ہے اور اس کے دونوں اطراف سٹیل ورک سے درود شریف لکھا گیا ہے، لاہور کو نئی شناخت دی ہے۔