کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائینگے: عثمان بزدار

Published On 12 November,2020 08:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے پہلے کی طرح شہریوں کا بھرپور تعاون ضر وری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہے ہیں۔ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 390 کنفرم کیسز سامنے آئے اور کورونا کے باعث 9 مریض جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے 2438 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 13,545 ٹیسٹ کئے گئے۔ صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 8092 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں کورونا کے اب تک 1714383 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اور کورونا کے 108221مریضوں میں سے 97672 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنڈی بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
 

Advertisement