لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے، غیر فطری اتحاد کی داغ بیل اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے کرپشن کے داغ چھپانے کیلئے ڈالی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے یہ ختم ہو رہا ہے، ماضی میں قومی وسائل بے دردی سے لوٹنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں، لوٹ مار کا دور قصہ پارینہ بن چکا ہے، ماضی میں قومی خزانے پر بے دردی سے ہاتھ صاف کئے گئے۔
عثمان بزدارنے کہا کہ سابق دور میں لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھری گئیں، وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بڑے بڑے بت بے نقاب کئے ہیں، 22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔