لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے الحمرا آرٹس کونسل میں کیلی گرافک نمائش 'معجزہ فن' کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خطاطی کے ذریعے اسمائے محمدؐ کے خوبصورت فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کیلی گرافک نمائش میں رکھے گئے اسلامی خطاطی کے فن پاروں کو سراہا۔ کیلی گرافک نمائش میں پاکستان، ترکی اور دیگر اسلامی ممالک کے خطاط کے 350 فن پارے رکھے گئے ہیں۔
عثمان بزدار نے کیلی گرافک نمائش کے شاندار انعقاد پر محکمہ اطلاعات و ثقافت اور الحمرآرٹس کونسل کی کاوش کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ صوبہ بھر میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، نبی پاک ؐ کی عظمت اور شان کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، خطاط نے دلکش فن پاروں کے ذریعے اسمائے محمدؐ کو اجاگر کیا ہے۔ نبی پاکؐ نے امن، تحمل، برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیا، آج بھی اسوہ حسنہؐ پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔
خیال رہے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔