صوبے میں کرپشن کے خلاف کارروائیاں، وزیراعلیٰ پنجاب نے تفصیلات جاری کر دیں

Published On 19 November,2020 06:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے جلسوں کی اجازت کو کورونا کی صورتحال سے مشروط کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو کہتے تھے تبدیلی نہیں آئی وہ جان لیں ہم نے بڑے کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالے، پنجاب بدلے گا۔ پنجاب میں اب تک 2 ارب 30 کروڑ کی براہ راست ریکوری کی گئی ہے جبکہ قبضہ مافیا سے 181 ارب روپے کی اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا کہ زیادہ تر زمینیں ان سے واگزار کروائی گئیں جو دس سال حکومت کا حصہ رہے۔ ان کارروائیوں پر چیخ وپکار تو ہو گی لیکن حکومت کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں اپوزیشن کے جلسوں کی اجازت کو کورونا کی صورتحال سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ وبا کو دیکھتے ہوئے اجازت کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

Advertisement