کوئٹہ: یوٹیلٹی اسٹور میں سستی بکنے والی چینی غیر معیاری ہونے کی شکایات میں اضافہ

Published On 09 December,2020 11:33 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں مہنگائی کے طوفان کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز میں سستے داموں بکنے والی چینی غیر معیاری ہونے کی شکایات بڑھ گئیں۔

کوئٹہ میں عوام کے لئے مہنگائی کا طوفان کم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے چینی پر ریلیف دیتے ہوئے یوٹیلٹی اسٹوروں پر چینی 68 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے لیکن معیار بہتر نہ ہونے کی وجہ سے شہری پریشان ہے۔

شہر کی اوپن مارکیٹ میں چینی 80 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، شہری یوٹیلیٹی اسٹور پر سستی مگر غیر معیاری ہونے کی وجہ سے بازار سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

عوام کا گلہ ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے مہنگائی کے خلاف بنائی گئی ٹاسک فورس ہو یا پرائس کنٹرول کمیٹی، انتظامی امور کی کمزوریاں ہی گراں فروشی کو جنم دے رہے ہیں مگر پوچھنے والا کوئی نہیں۔