امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مضبوط ہونے کا سلسلہ جاری

Published On 24 December,2020 04:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 23 پیسے کی تنزلی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مسلسل 6 ماہ کے دوران ترسیلات زر کی ریکارڈ آمد کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے، گزشتہ ہفتے کے دوران روپیہ تگڑا ہوا ہے جبکہ امریکی کرنسی کی قدر گرتی جا رہی ہے۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر 23 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد قیمت 160 روپے 55 پیسے سے کم ہو کر 160 روپے 32 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ کل 25 دسمبر کو کرسمس اور قائداعظمؒ ڈے کے باعث چھٹی ہے۔ جس کے باعث کاروبار بند ہو گا۔