اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ مالیاتی بورڈ معیشت کی بہتری کیلئے موثر اور پائیدار پالیسی سازی کرتا رہے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت مانیٹری اینڈ فسکل پالیسیز بورڈ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ روزگار کے مواقع، سرمایہ کاری اور معیشت کے دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 2 فیصد اضافے سے تجارتی خسارہ بہتر ہوا، درآمدات پر بھی اس عرصہ میں کنٹرول دیکھا گیا۔
سیکریٹری خزانہ نے بتایا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے کورونا وباء کے معیشت پر اثرات کنٹرول رہے، دیگر ممالک کی معیشتوں پر وباء کے گہرے منفی اثرات ہوئے، رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں معیشت کی بحالی دیکھی گئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کورونا کے حالات کو دیکھتے ہوئے مانیٹری پالیسی مرتب کی گئی،معیشت کی بحالی سمیت ایکسٹرنل اکائونٹس میں بھی بہتری آئی۔ترسیلات زر اور تجارتی توازن میں بھی نمایاں بہتری آئی۔
ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی دو سہ ماہیاں معیشت کی بحالی کیلئے بہتر رہیں، مالیاتی پالیسیوں کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کے بہتر اثرات مرتب ہوئے۔