اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے اربوں روپے مالیت کی 15 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم درآمد کے باوجود ملک میں آٹا مہنگا ہوگیا۔ ایک ہفتے میں پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 130 ، سکھر 80 اور کوئٹہ میں 15 روپے مہنگا ہوا جبکہ کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
گندم کی درآمد کے بعد ملک میں آٹے کی قیمتوں میں واضح کمی کے حکومتی دعوؤں کے برعکس ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان شروع ہوگیا، آٹے کی قیمتوں میں چند ہفتے تک معمولی کمی کے بعد اب آٹا مہنگا ہوگیا، پشاور اور سکھر میں آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پشاور میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 130 روپے تک مہنگا ہوکر 1330 روپے کا ہوگیا اور سکھر میں آٹے کا تھیلا اسی روپے تک مہنگا ہوکر 1200 روپے کا ہوگیا جبکہ کوئٹہ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں پندرہ روپے اضافے کے بعد قیمت 1265 روپے ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، کراچی میں آٹے کا تھیلا 1340 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے، اسی طرح حیدر آباد میں آٹے کا تھیلا 1240 روپے، بنوں 1150، خضدار 1200 اور ملتان میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1200 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت870، راولپنڈی، لاہور، گجرالوالہ، فیصل آباد سرگودھا اور بہاولپور میں آٹے کا تھیلا860 روپے کا ہے جبکہ سیالکوٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 855 روپے کا ہے،
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں ملک میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا اوسط پانچ روپے ترپن پیسے مہنگا ہوا۔