خیبرپختونخوا: گندم کی ضرورت 42 لاکھ میٹرک ٹن، پیداوار 4 لاکھ میٹرک ٹن رہ گئی

Published On 03 November,2020 08:43 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں گندم کی پیداوار خطرے میں پڑ گئی، صوبہ میں گندم کی ضرورت 42 لاکھ میٹرک ٹن جبکہ پیدوار صرف 4 لاکھ میٹرک ٹن رہ گئی ہے، صوبائی حکومت نے پنجاب سے تصدیق شدہ گندم کے بیج فراہم کرنے کی درخواست کر دی۔

خیبرپختونخوا میں گندم سے متعلق معاملات حل نہ ہوسکے، صوبہ میں گندم کی پیداوار کے لیے بیج کی ضرورت پوری نہ ہوسکی، ضرورت اور پیداوار میں بھی فرق بڑھنے لگا۔ خیبرپختونخوا میں گندم کی پیداوار بتدریج کم ہو رہی ہے، صوبہ میں گندم کی ضرورت 42 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ پیداوارآٹھ لاکھ ٹن سے کم ہوکر4 لاکھ ٹن ہوگئی ہے، رواں سیزن میں گندم کا بیج نہ ہونے کے باعث پیداوار کم ہو کر ڈیڑھ لاکھ ٹن تک ہونے کے خدشات ہیں، فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال کے باعث اگلے سال بھی بحران کا سامنا ہوگا۔

صوبائی حکومت نے بھی گندم کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، معاون خصوصی کہتے ہیں ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے 4 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن گندم کی درآمد کا معاہدہ ہوا ہے جس میں 85 ہزار میٹرک ٹن صوبے کو مل چکی ہے، 75 ہزار میٹرک ٹن آنا باقی ہے، پاسکو سے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم میں سے 3 لاکھ میٹرک ٹن مل چکی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پنجاب سے رابطہ کر کے گندم کے تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
 

Advertisement