فیصل آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر فیصل آباد میں ضلعی انتطامیہ کی توجہ تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مرکوز ہے جبکہ منافع خوروں نے آٹے کی فی کلو قیمت 70 اور چینی کی 100 سے 110 روپے کلو تک وصول کرنا شروع کر دی، شہری کہتے ہیں حکومت اور انتظامیہ نے منافع خوروں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
فیصل آباد میں آٹا اور چینی عام آدمی کی پہنچ سےدور، حکومتی اور انتظامی عدم توجہ کے باعث مارکیٹ میں آٹے کی فی کلو قیمت 70 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ منافع خور چینی کی فی کلو قیمت 100 سے 110 روپے تک وصول کررہے ہیں۔
شہری کہتے ہیں مہنگائی کا طوفان ہے، حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی۔ مارکیٹ میں آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریات کی قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں جبکہ صورتحال کے برعکس اسسٹنٹ کمشنر سٹی کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں۔
تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی دعویدار ہے جبکہ بے لگام منافع خور مافیا حکومتی دعووں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔