لاہور، مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی محدود سپلائی، چینی 100 روپے تک فروخت

Published On 31 August,2020 03:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں آٹے اور چینی کی سرکاری قیمت پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا، مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی سپلائی محدود اور چینی 70روپے کی بجائے 100روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔

لاہور کی مارکیٹ میں آٹے کے معروف برانڈز کا 20 کلو آٹے کا تھیلہ محدود تعداد میں دستیاب ہے، 10کلو آٹے کے تھیلے کی مارکیٹ میں سپلائی انتہائی کم ہے تاہم 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ میں کھلا آٹا دستیاب ہے جو 60 روپے کلو تک مل رہا ہے۔

دوسری جانب حکومت کے لئے مقررہ قیمت پر چینی کی فروخت بھی چیلنج بنی ہوئی ہے، تھوک مارکیٹ میں چینی 94 روپے کلو مل رہی ہے جبکہ پرچون میں چینی 100 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ 70 روپے کلو کی سرکاری قیمت صرف کاغذوں تک محدود ہے۔

عوام کہتے ہیں کہ سرکاری سطح پرصرف اعلانات ہو رہے ہیں، پتہ نہیں حالات کب معمول پر آئیں گے۔ وفاقی حکومت کی کمیٹی چینی کی قیمت کا ازسر نو تعین کرنے کے لئے کام کر رہی ہے جس کی جانب سے چند روز میں نئی سرکاری قیمت کا اعلان متوقع ہے۔
 

Advertisement