اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز نے چینی کی خریداری کا سالانہ پلان جاری کردیا ہے، اور رواں مالی سال 22ا رب روپے کی چینی خریدی جائے گی۔
دنیا نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق سال 2020-21 میں 22 ارب روپے کی چینی خریداری کا پلان تیار کیا ہے اور چینی 88 روپے فی کلو کے حساب سے خریدنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کو درآمدی چینی 82 روپے فی کلو میں پڑی ہے اور چینی کی خریداری اور فروخت میں 20 روپے فی کلو فرق کا تخمینہ ہے۔
فی کلو چینی پر 20 روپے کی سبسڈی کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔ اسی طرح چینی پر فی کلو 20 روپے کے حساب سے 5 ارب روپے کی سبسڈی کا تخمینہ ہے۔
وزیراعظم پیکچ کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے ہے۔ سال 2020-21 میں 2 لاکھ 52 ہزار 274 ٹن چینی خریدنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور یوں اوسط ماہانہ چینی خریدنے کا تخمینہ 20 ہزار میٹرک ٹن لگایا ہے۔
رواں مالی سال کےدوران رمضان کے باعث اپریل,مئی 2021 میں زیادہ چینی کی خریداری کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ اپریل 2021 میں چینی کی خریداری کا تخمینہ 26 ہزار 137 ٹن لگایا گیا اور مئی 2021 میں چینی کی خریداری کا تخمینہ 26 ہزار 137 ٹن لگایا گیا ہے۔