گیس لوڈ شیڈنگ کے بعد ایل پی جی قیمتوں میں اضافے سے شہری دوہری اذیت کا شکار

Published On 05 January,2021 01:51 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری پہلے ہی پریشان تھے تاہم اوگرا نے ایل پی جی قیمتوں میں اضافہ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے جس پر شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

ملتان میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کا انحصار ایل پی جی سلنڈر پر بڑھ گیا ہے تاہم اوگرا نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 16 روپے تک کے اضافے کے بعد مارکیٹ میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 148 روپے تک پہنچ گئی ہے جس پر شہری بھی قیمتوں میں اضافے پر حکومت سے نالاں نظر آتے ہیں۔

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر دکانداروں کا موقف ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث نہ صرف صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بھی ایل پی جی قیمتوں کو جواز بنا کر انٹرا اور انٹر سٹی سروسز کے کرایوں میں 5 روپے سے 20 روپے تک کا خود ساختہ اضافہ بھی کر دیا ہے جس سے شہریوں کی سفری مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔