ملتان: مقدمات کے باعث تھانوں میں بند سینکڑوں گاڑیوں کے پرزہ جات چوری

Published On 04 January,2021 01:11 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں مقدمے کے چکر میں مختلف تھانوں میں بند سینکڑوں گاڑیوں میں سے 75 فیصد کے پرزہ جات چوری کر لیے گئے ہیں، سائلین اپنی قیمتی گاڑیوں کا سامان چوری ہونے پر پریشان ہیں۔

شہر کے 31 تھانوں میں 3 ہزار 784 گاڑیوں کو بطور مال مقدمہ بند کیا گیا ہے تاہم مناسب دیکھ بال نہ ہونے اور پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت کے باعث ان قیمتی گاڑیوں سے لاکھوں روپے کے پرزا جات چوری کر کے فروخت کر دیئے گئے ہیں جس پر گاڑیوں کے مالکان کو بھی تشویش ہے۔

سی پی او ملتان کا موقف ہے کہ تھانوں میں بند گاڑیوں سے سامان غائب کرنا جرم ہے تاہم نشاندہی ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

مال مقدمے کا دورانیہ طویل ہونے پر کروڑوں روپے کی مالیت کی سینکڑوں گاڑیاں کباڑ میں تبدیل ہو چکی ہیں جن کی نیلامی کے لیے بھی کوئی حکمت عملی نہیں بنائی جا سکی۔
 

Advertisement