راولپنڈی: (دنیا نیوز) سال 2020 کے دوران راولپنڈی جرائم کا گڑھ بنا رہا۔ 283افراد قتل کر دئیے گئے اور 700سے زائد خواتین اغوا ہوئیں۔ اجتماعی زیادتی کے 11 مقدمات اور زنا بالجر کے 88 مقدمات درج ہوئے۔
سال 2020 کےدوران راولپنڈی شہر میں جرائم کی شرح میں کئی گنا اضافہ، 30 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے، اسٹریٹ کرائم کے 1360 واقعات پیش آئے۔
شہر میں چوری اور ڈکیتی کی 3855 وارداتیں ہوئیں تو گاڑی چوروں کا بھی راج رہا، چور 995 گاڑیاں اور 3525 موٹر سائیکل لے اڑے۔ شہر میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر شہری بھی چیخ اٹھے۔
راولپنڈی شہر کی خواتین اور بچے بھی محفوظ نہ رہے، بچوں سے بدفعلی کے 26 مقدمات درج ہوئے اور 763 سے زائد خواتین اغوا ہوئیں۔ زنا بالجبر کے 88 اور گینگ ریپ کے 11 مقدمات درج ہوئے۔ سی پی او راولپنڈی کہتے ہیں، کوشش ہے کہ جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جا سکے۔
2020 کے دوران راولپنڈی میں منشیات کا دھندہ بھی عروج پر رہا اور منشیات فروشوں کے خلاف 2752 مقدمات درج ہوئے۔ اس دوران مختلف وارداتوں میں مطلوب 563 گینگز بھی پکڑے گئے۔