پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا واحد ہسپتال پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی امراض قلب کی بیشتر اقسام کا علاج فراہم کر رہا ہے، ہسپتال میں رواں سال 6 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا.
خیبر پختونخوا کے عوام کو امراض قلب کے علاج کے لیے عرصہ دراز سے درپیش مسائل اور مشکلات حل ہو گئیں، پشاور کا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالجی نہ صرف پاکستان بلکہ ہمسایہ ملک افغانستان کے امراض قلب کے مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
ہسپتال میں سال 2021 کے دوران مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ اب تک ایمرجنسی سروسز میں 6 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا ہے جس میں 111 بچوں سمیت 57 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔
ہسپتال میں ایڈلٹ کارڈیالوجی، ایڈلٹ کارڈیک سرجری اور پیڈز کارڈیالوجی سرجری کا علاج کیا جارہا ہے، ہسپتال میں امراض قلب میں مبتلاء 180 بچوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئیں، علاج کی غرض سے آنے والے مریض بھی مطمئن ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صحت کارڈ کے تحت سال 2021 کے دوران ایک ہزار 47 اوپن ہارٹ سرجریز کی گئیں جس میں 18 افغان باشندے بھی شامل ہیں جبکہ ساڑھے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی گئی، ہسپتال میں 6 کیتھ لیب میں سے 3 فعال جبکہ 6 آپریشنز تھیٹرز ،2 آئی سی یو اور 4 سی سی یوز ہیں۔