کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رواں سال سائبر کرائم کی 10 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 7 ہزار درخواستیں ہراساں کرنے کی تھیں، کورونا وائرس کے پیش نظر آن لائن فراڈ میں بھی اضافہ ہوا۔
سال 2020ء میں ایف آئی اے سائبر کرائم کو 10 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ جن میں سے 600 انکوائریز میں تبدیل ہوئیں جبکہ سال بھر میں 45 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم فیض اللہ کوریجو نے کہا ہے کہ رواں برس صرف ہراساں کرنے کی 7 ہزار کے قریب شکایات ملیں۔
کورونا وائرس کے پیش نظر آن لائن فراڈ میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا، سال بھر میں 3 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں، زیادہ تر شکایات پیسے لینے کے باوجود شاپنگ کا سامان مہیا نہ کرنے سے متعلق تھیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کے منظم ہونے سے شکایات میں ہر سال 1 ہزار سے 1500 کا اضافہ ہو رہا ہے۔ شہری آن لائن کمپلین سینٹر اور تھانے آکر بھی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔