اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان تعاون کے بغیر منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتا، ہمسایہ ممالک آپس میں تعاون کے ذریعے منشیات کے خاتمہ کے لئے کام کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے ایران کی نیوز ایجنسی کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انٹرویو کا انعقاد ایرانی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل مجید کریمی کے دورہ پاکستان کے سلسلہ میں کیا گیا۔
وفاقی وزیر انسداد منشیات نے کہا کہ کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان مکمل کوارڈینیشن کے بغیر منشیات سے پاک معاشرے کو تشکیل نہیں دے سکتا۔ وہ خود اینٹی نارکوٹکس فورس کے ریجنل ڈائریکٹر کے طور پرفرائض سرانجام دے چکے ہیں اس لئے منشیات سے متعلق مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک آپس میں تعاون کر کے منشیات کے خاتمے کے لئے کام کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے تعاون کی پیشکش خوش آئند ہے۔ ایران کی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل مجید کریمی کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لئے ان کا ہدف منشیات کی طلب کو ختم کرنا ہے۔ طلب کم ہونے سے ہی سپلائی کرنے والوں سے باقاعدہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی اور لوگوں کی بحالی پر کام کرنا انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ منشیات کے شکار افراد کے علاج و بحالی کے لئے اداروں کی تشکیل زیر غور ہے۔ ایران کے وفد سے ملاقات میں دونوں ممالک سے متعلق معاملات کو زیر غور لائیں گے۔