کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں نوجوان نے اپنی ماں اور گھر کے ملازم کو قتل کرنے کے بعد خود بھی خود کشی کر لی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کراچی سپر ہائی وے کے قریب فائرنگ ہوئی، ملزم نے اپنی ماں سلمہ اور ملازم فاروق کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا،فائرنگ کرنے والا ملزم شمائل کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔
دوسری طرف ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ سپر ہائی وے پر نجی ہاؤسنگ سکیم میں رہائشی عمارت کے چوتھے فلور کے اندر نوجوان نے اسلحے کے زور پر گھر میں موجود تمام افراد کو یرغمال بنالیا، ابتدائی طور پر وہاں تعینات سیکیورٹی گارڈز ہی موقع پر پہنچے لیکن صورتحال جب زیادہ دیر تک برقرار رہی تو انھوں نے پولیس کو آگاہ کیا۔ پولیس ہر زاویے سے واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔
شمائل کی جانب سے جمعرات کی رات سے ہی اہل خانہ کو یرغمال بنائے جانے کے سوال پر ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ پولیس کو بھی ایسی اطلاع موصول ہوئی ہے لیکن وہ فوری طور پر تصدیق نہیں کرسکتے۔