کراچی: (دنیا نیوز) 6 سالوں کے دوران سندھ میں 1259.876 کلو گرام ہیروئن جبکہ 73589.536 کلو گرام چرس پکڑی گئی، محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ نے اعداد شمار جاری کر دئیے۔
محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن وانسداد منشیات سندھ نے2014 سے2020 تک چھ سالوں کے دوران صوبے بھر میں کارروائیوں میں پکڑی گئی منشیات کی تفصیلات جاری کر دیں،1259.876 کلو گرام ہیروئن جبکہ 73589.536 کلو گرام چرس،831.484 کلو گرام افیوم ، 33798.550 کلو گرام بھنگ اور 5529 غیر ملکی شراب کی بوتلیں پکڑی گئیں۔ 6 سالوں میں کارروائیوں کےدوران 3985 ملزمان کو گرفتار کر کے 3748 مقدمات درج کئے گئے۔
صوبائی وزیر انسداد منشیات و ایکسائیز مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے، والدین،اساتذہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز بھی منشیات کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔