رمضان تک گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 3 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنیکی منظوری

Published On 06 January,2021 08:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں رمضان تک گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت نے 3 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ای سی سی نے 152 ٹیرف لائنز پر عائد 2 فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی۔

وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی نے دستیاب ذخائر کو تقویت دینے کیلئے مزید گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دی۔ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور یوٹیلٹی اسٹورز کو گندم کی اضافی فراہمی کی منظوری دیدی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کو 2 لاکھ، آزاد کشمیر 80 ہزار اور یوٹیلٹی اسٹورز کو 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن اضافی گندم دی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے152 ٹیرف لائنز پر عائد 2 فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری بھی دی۔ کسٹمز ڈیوٹی کا خاتمہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2019-24ء کی بنیاد پر کیا گیا۔

ای سی سی نے پورٹ قاسم کراچی کی گلشن بینظیر ٹائون شپ سکیم کے انفراسٹرکچر، سیوریج سسٹم اور واٹر سپلائی سکیموں کی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے ٹیکسٹائل پالیسی 2020-25ء کی منظوری اگلے اجلاس تک موخر کردی۔

خیبر پختوانخواہ حکومت کے ہیلی کاپٹر کے پرزہ جات کی خریداری کیلئے 30 ملین روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔ ایچ ای سی کیلئے 2 ارب 26 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق مزید عدالتوں کے قیام کیلئے 40 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ وزارت میری ٹائم کی سمری منظور کرتے ہوئے پورٹ قاسم پر سیوریج سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔
 

Advertisement