وفاقی وزیر خزانہ نے انڈوں، آٹا اور ٹماٹرز کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لے لیا

Published On 28 December,2020 10:01 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے انڈوں، آٹا اورٹماٹرکی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے ان ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنانے اورصوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اورسمگلنگ کے تدارک کیلئے گندم کی قیمتوں پرکڑی نظررکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عام آدمی کومناسب نرخوں پرگندم اورآٹا کی بلاتعطل فراہمی کوممکن بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت و پیداوار حماد اظہر، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، سیکرٹری صنعت وپیداوار، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، ایڈیشنل سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق، ایم ڈی پاسکو، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن آف پاکستان، پاکستان بیوروبرائے شماریات کے ممبران اوروزارت خزانہ کے سینئیرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے رحجان کاجائزہ لیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: مالیاتی بورڈ معاشی بہتری کیلئے موثر پالیسی سازی کرتا رہے: وفاقی وزیر خزانہ

سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کوبتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران ضروری اشیا کی قیمتوں میں 0.11 فیصد کا معمولی اضافہ ہواہے، ہفتہ کے دوران 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جن میں پیاز، آلو اورچکن شامل ہیں جبکہ انڈوں، آٹا، اورٹماٹرکی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے اجلاس کوملک میں گندم اورچینی کے ذخائر کی صورتحال بارے آگاہ کیاگیا اوربتایا گیا کہ فراہمی میں اضافہ کی وجہ سے ملک بھرمیں د ونوں اشیا وافرمقدارمیں موجودہیں، اندرونی کھپت کیلئے گندم کے ذخائر اورصوبوں کو یومیہ فراہمی کی صورتحال بھی اطمینان بخش ہے۔

وزیرخزانہ نے صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اورسمگلنگ کے تدارک کیلئے گندم کی قیمتوں پرکڑی نظررکھنے کی ہدایت کی تاکہ عام آدمی کومناسب نرخوں پرگندم اورآٹا کی بلاتعطل فراہمی کوممکن بنایا جاسکے۔وزیرخزانہ نے انڈوں، آٹا اورٹماٹرکی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افغان مذاکرات: بھارتی اشیا کی ترسیل کامعاملہ زیرغور نہیں آئیگا:مشیرتجارت

وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماداظہرنے اجلاس کوبتایا کہ چینی اورخوردنی تیل کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ دونوں اشیا کی مناسب نرخوں پربلاتعطل فراہمی ممکن ہوسکے۔وزیرخزانہ نے عام آدمی کوزیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے ضمن میں قیمتوں کی موثرنگرانی کیلئے تمام متعلقہ حکومتی حکام اوراداروں کے درمیان رابطہ کاری میں اضافہ کی ضرورت پرزوردیا۔

Advertisement