بلوچستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، 150 روپے کلو ریٹ پر فروخت

Published On 18 January,2021 12:30 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں موسم سرد ہوتے ہی شہریوں نے کھانا پکانے سمیت دیگر امور کے لئے ایل پی جی کا استعمال شروع کیا تو اس کی قیمتوں میں اضافہ ہی ہونے لگا، ایل پی جی 120 سے بڑھ کر 150 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی۔

وادی کوئٹہ میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں پریشر کم ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے گھروں میں کھاناپکانے کے لئے سلنڈر کا استعمال شروع کر دیا، قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

رش بڑھ جانے کے باعث دکانداروں کو عوام کی ضرورت کے مطابق ایل پی جی فراہم کرنا مشکل ہو گیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے مہنگائی کم کرنے کے بجائے مزیدبڑھتی جارہی ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر اضافی بوجھ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مہنگے داموں ایل پی جی فروخت ہونے کے باوجود بھی سلنڈر بھروانا ان کی مجبوری ہے۔