کراچی الیکٹرک کے سربراہ مونس علوی نے دعویٰ کیا ہے بن قاسم پاور پلانٹ کا یونٹ فعال ہونے اور نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی کے حصول کے بعد میں2021 کی گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہتر ہو جائے گی تاہم پلانٹ کو گیس فراہم کرنے کی زمہ داری وفاق کی ہے۔
میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا کہنا تھا کہ بی کیو پی ایس تھری کے پہلے یونٹ کے لئے جنریٹر اور ٹربائن کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ نئے پلانٹ کو گیس کی فراہمی کے لیے دو کلو میٹر طویل گیس لائن بچھائی جارہی ہے اور امید ہے کہ گرمیوں سے پہلے پلانٹ سے 450 میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
کے الیکٹرک کے سی ایف او عامر غازیانی نے بتایا واجبات کی مد میں 275 ارب روپے وصول کرنے ہیں جبکہ سوئی گیس کو 80 ارب روپے دینے ہیں۔ وفاق اپنے واجبات پر سود وصول کرنا چاھتا ہے لیکن ہمارے واجبات پر سود ادا نہیں کرنا چاہتا۔
مونس علوی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پاور بریک ڈاؤن پر وفاق کی انکوائری کمیٹی کام کررہی ہے جب رپورٹ سامنے آئے گی تو پتہ چل جائے گا کے الیکٹرک اس دن کتنی بجلی پیدا کررہی تھی۔ گرمیوں کی آمد سے قبل نیشنل گرڈ سے 1700 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے لئے وفاق سے کیا جانے والا معاہدہ اگلے ماہ تک طے ہو جائے گا۔