اسلام آباد: (دنیا نیوز) مہنگائی کے مارے عوام کی چیخیں نکل گئیں، تحریک انصاف کی حکومت نے اپنی اڑھائی سالہ مدت میں چھٹی مرتبہ بجلی مہنگی کرنے کا اعلان کیا۔ صارفین پرمزید 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس سے قبل 450 ارب روپے کا بوجھ ڈالا جا چکا ہے۔
آئی ایم ایف کی شرط پوری، گذشت روز بجلی 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کر دی گئی۔ یہ تحریک انصاف حکومت کا چھٹی مرتبہ بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ تھا۔ حکام کے مطابق اضافے کے بعد بجلی کا بنیادی ٹیرف 15 روپے 30 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا جبکہ اس وقت بجلی کا بنیادی ٹیرف 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ ہے۔ تحریک انصا ف کی حکومت اب تک پانچ مرتبہ بجلی مہنگی کر چکی ہے جس سے بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 3 روپے 85 پیسے فی یونٹ اضافہ ہواہے۔
حکومت نے یکم جنوری 2019 کو بجلی 1 روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کی، یکم جولائی 2019 کو دوسری بار بجلی 1 روپے 49 پیسے فی یونٹ اور تیسری بار 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔ چوتھی بار بجلی 30 پیسے فی یونٹ اور پانچویں بار 26 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ یوں بجلی مہنگی کر کے حکومت اب تک بجلی صارفین پر 450 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈال چکی ہے اور اب چھٹی بار بھی بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے بعد بجلی صارفین پرمزید 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔