سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 46 ہزار کی نفسیاتی حد بحال، اربوں روپے کا فائدہ

Published On 25 January,2021 04:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران 219.60 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ جس کے بعد سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا مثبت انداز میں آغاز ہوا، صبح دس بجے کے قریب انڈیکس میں 233.78 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔ تیزی کا یہی تسلسل دوپہر بارہ بجے تک چلتا رہا۔

تیزی کے باعث ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 46189.02 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ حد برقرار نہ رہ سکی۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 219.60 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث 46 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی اور انڈیکس 46087.64 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.48 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 25 کروڑ 82 لاکھ 99 ہزار 827 شیئرز کا لین دین ہوا اور سرمایہ کاروں کو 50 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔