اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے وفاق اور صوبوں کی مربوط کوششوں کو سراہتے ہوئے ملک بھر میں عام آدمی کو ضروری اشیاءکی مناسب نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، معاون خصوصی ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود، صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، چیئرمین ایف بی آر، ممبر مسابقتی کمیشن، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن، ممبر پاکستان بیورو برائے شماریات اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں آٹا اور گھی سمیت ضروری اشیاءکی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو قیمتوں کے حساس اشاریے کے حوالے سے ہفتہ وار صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے میں آٹا، بناسپتی گھی اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس کی بنیادی وجہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مربوط کوششیں ہیں۔ ہفتے میں آٹھ اشیاءکی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 24 اشیاءکی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا ہے۔
سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے کمیٹی کو ملک میں گندم کے ذخائر کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ اندرونی کھپ کے لئے مناسب مقدار میں گنا موجود ہے۔ اسی طرح صوبوں کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر گندم کی فراہمی کی صورتحال بھی تسلی بخش ہے۔ یومیہ ریلیز اور ملک بھر میں گندم کی سہل انداز میں فراہمی کے نتیجے میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملک بھر میں گندم کی بلاتعطل اور بلا رکاوٹ فراہمی کے لئے وفاق اور صوبوں کی مربوط و مضبوط کوششوں کو سراہا۔
وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کمیٹی کو بتایا کہ پام آئل اور سویابین کی عالمی قیمتوں میں کافی حد تک کمی آئی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی آجائے گی۔
کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل اور سویابین کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستانی صارفین تک پہنچانے کے لئے موثر انداز میں کام کیا جائے۔ وزیر صنعت و پیداوار نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے میں چینی کی ریٹیل قیمت میں کمی آئی ہے اور سپلائی بڑھنے سے قیمتوں میں مزید کمی آجائے گی۔ کمیٹی نے آنے والے مہینوں میں چینی کی مناسب ذخائر کو یقینی بنانے پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے ممبر نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے مرتب کردہ ڈیش بورڈ کے حوالے سے تمام صوبے تعاون کر رہے ہیں۔ اس نظام کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو ضروری اشیاءمناسب اور معقول نرخوں پر فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔