کشمیریوں کا بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ

Published On 25 January,2021 06:48 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں منگل کو بھارت کے یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپر منایاجائے گا اور مکمل ہڑتال کی جائیگی تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں کو اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کی اپیل کی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن الائنس کی طرف سے سرینگر ، پلوامہ ، ترال ، کولگام ، اسلام آباد ، شوپیاں ، کپواڑہ ، ہندواڑہ ، بانڈی پور اوروادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹروں میں لوگوں سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر احتجاج کے طورپر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی گئی ہے۔

ادھرقابض انتظامیہ نے منگل کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکیورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔ جگہ جگہ لوگوںاور گاڑیوں کو روک کر جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
 

Advertisement