کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقہ کی ساری ٹیم 220 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی.
کراچی ٹیسٹ کا ٹاس جنوبی افریقہ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز ڈین الگر اور ایڈن مارکرم میدان میں اترے کہ 30 کے مجموعے پر مارکرم شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہو گئے، عمران بٹ نے انتہائی خوبصورتی سے کیچ پکڑا۔ ان کے بعد ریسی وینڈر کریز پر آئے تاہم صرف 17 سکور پر رن آوٹ ہو گئے، ڈپلیسی بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے، صرف 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اب تک کریز پر مستقل مزاجی دکھانے والے الگر بھی 58 رنز پر نعمان علی کا نشانہ بن گئے جبکہ ڈی کوک بھی صرف 15 رنز بنا کر چلتے بنے۔
جنوبی افریقہ کی 6ویں وکٹ 179 رنز پر گری جب ٹمبا باوما محمد رضوان کی بال پر رن آوٹ ہو گئے۔ حسن علی کی شاندار تھرو نے انہیں پویلین لوٹنے پر مجبور کیا۔ جارج لنڈے نے پاکستانی باولرز کا قدرے مقابلہ کیا اور 35 رنز دیئے تاہم کیشاو مہاراج اور انرچ نورتجے صفر پر آوٹ ہوئے۔ کیگسو ربادا 21 رنز پر تھے کہ اور لنگی ناگدی 8 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، یوں 220 کے مجموعی سکور پر پروٹیز کی ساری ٹیم آوٹ ہو گئی۔ پاکستانی باولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہ دیا، یاسرشاہ نے 3، شاہین آفریدی اورنعمان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
An unforgettable debut already for Imran Butt #PAKvSA pic.twitter.com/Qpv5IEJvaw
— ICC (@ICC) January 26, 2021
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلے ٹیسٹ میں بابراعظم بطورٹیسٹ کپتان پہلی باران ایکشن ہو رہے ہیں، جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 سال بعد پاکستان کے میدانوں میں اتری ہے۔ آخری بار جنوبی افریقہ نے اکتوبر 2007 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریزکھیلی تھی۔
قومی کپتان بابر اعظم کا ٹاس کے موقع پر کہنا تھا کہ جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، عمران بٹ اورنعمان علی ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں، وکٹ اسپنرز کیلئے سازگار ہے، گیند بریک ہو گا، جنوبی افریقہ بہترین ٹیم ہے، آسان نہیں لیں گے۔